بےروزگاری کے دنوں میں کرنے کے کام

بےروزگاری کے عفریت سے اگرچہ میرا بہت زیادہ واسطہ نہیں پڑا لیکن میرے دوستوں اور عزیزوں میں سے کئی ایک آئے روز اس سے نبرد آزما ہو رہے ہوتے ہیں۔ میں پیشے کے لحاظ سے ایک فری لانسر ہوں تو ہمارے شعبے میں کبھی بہت زیادہ کام آجاتا ہے اور کبھی ہم کئی مہینوں تک کام کو ترستے رہتے ہیں، اس کو بھی میں ایک طرح کی بےروزگاری ہی قرار دوں گا۔ بےروزگاری اگرچہ اس وقت دنیا بھر میں ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے، مگر ہم جیسے ممالک اس کا خاص الخاص شکار ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق 2020ء میں پاکستان میں بےروزگار افراد کی تعداد 8600000 کی حد کو عبور کر جائے گی۔ آئے روز ہم اپنے اردگرد دیکھتے ہیں کہ لوگوں کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے اور نوجوان پڑھ لکھ کر بےروزگار گھوم رہے ہیں۔ اگرچہ اس سارے عمل کے پیچھے کئی عوامل ہیں جن میں سے ایک تعلیمی اداروں کا خود کو ڈگری کی فیکٹریوں میں تبدیل کرنا بھی ہے مگر ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ ہم اس سارے مسئلے کے حل میں کیا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

یہاں پر میں آپ کے سامنے کچھ تجاویز رکھ رہا ہوں جن میں سے میں نے بیشتر پر اپنی بےروزگاری یا کام نہ ملنے کے دنوں میں عمل کیا ہے اور خاطر خواہ فائدہ اٹھایا ہے تو آپ بھی اگر ان دنوں بےروزگار ہیں تو یہ مضمون خاص الخاص آپ ہی کے لیے ہے۔

1 ۔ اپنی مہارتوں کو بہتر بنائیے

چاہے آپ نے حال ہی میں اپنی تعلیم مکمل کی ہے اور چند دن یا مہینے روزگار کی تلاش میں دھکے کھائے ہیں یا پھر ابھی ابھی ملازمت آپ کے ہاتھوں سے نکلی ہے، دونوں صورتوں میں آپ کو اس امر کا بخوبی اندازہ ہوگیا  ہو گا کہ ہمارے تعلیمی ادارے جو کچھ تعلیم کے نام پر ہمیں پڑہاتے ہیں ان کا عملی زندگی میں کچھ خاص فائدہ نہیں ہے۔ سو بے روزگاری کے ان دنوں کو ضائع نہ جانے دیجیے اور اپنے شعبے میں کچھ ایسی مفید عملی مہارت حاصل کر لیں جس کی مارکیٹ میں مانگ ہو۔ انٹرنیٹ کے ہوتے ہوئے ایسی مہارت کا پتا لگانا اور پھر اس کو حاصل کرنا کچھ مشکل کام نہیں۔ گوگل سے مدد لیجیے اور اپنے شعبے کی مفید مہارتوں پر ریسرچ کیجیے اور جب آپ کو پتا چل جائے کی وہ کیا چیز ہے جس کی اس وقت مانگ ہے تو آپ اس کو باآسانی گوگل، یوٹیوب، یوڈیمی، سکل شیئر اور دیگر ایسی ہی ویب سائیٹ سے مفت یا پھر بہت کم پیسوں میں سیکھ سکتے ہیں۔

2 ۔ رضاکارانہ کام یا پھر فری لانسنگ کیجیے

اگر آپ نے جاب کی تلاش میں اپنی جوتیاں گھسائی ہیں تو آپ کو اس بات کا اندازہ ہو گا کہ تجربے کی کتنی اہمیت ہے تو اگر مستقل کام نہیں مل رہا تو فراغت کے ان دنوں کو یونہی نہ جانے دیں۔ کوشش کیجیے کہ آپ کو فری لانس کام مل جائے اگر وہ نہیں مل رہا تو اپنے شعبے میں مہارت کے لیے متعلقہ اداروں کو اپنی خدمات مفت میں پیش کر دیجیے۔ اس کے دو فائدے ہوں گے، ایک تو آپ کو خاطرخواہ تجربہ حاصل ہو گا دوسرا آپ کے تعلقات بنیں گے جو کل کو آپ کی ملازمت کے حصول میں مددگار ثابت ہوں گے۔

اگر آپ کا تعلق کمپیوٹنگ یا کاروبار کے شعبے سے ہے تو آپ فری لانس ورک آن لائن بھی تلاش کر سکتے ہیں، اگر آپ آن لائن کاروبار یا فری لانس ورک کرنا چاہتے ہیں تو مضمون انٹرنیٹ سے پیسے کمانے کے 10 بہترین طریقے ضرور دیکھیے۔

3 ۔ بلاگنگ شروع کیجیے

آپ کی تعلیم اور سوچ چاہے کچھ بھی ہو، آپ کو بلاگنگ ضرور شروع کرنی چاہیے۔ اگر ان دنوں روزگار میسر نہ ہونے کی وجہ سے فرصت میسر ہے تو میرا مشورہ ہے کہ اپنے شعبے میں فوراً سے بلاگنگ شروع کیجیے۔ اگر آپ انگلش زبان میں مہارت رکھتے ہیں تو بہتر ہے انگلش میں بلاگنگ کریں لیکن آپ بلاگنگ اردو میں بھی کر سکتے ہیں۔ بلاگنگ کیجیے، سوشل میڈیا پر اپنی پہچان بنائیے۔ بلاگنگ آپ کو مستقل میں کئی طرح سے فائدہ دے سکتی ہے، آپ بلاگنگ کو ایک چھوٹے کاروبار میں تبدیل کر سکتے ہیں اور اگر ایسا نہیں کرتے تو بلاگنگ کی وجہ سے آپ کے اپنے شعبے میں تعلقات بنیں گے جو ملازمت کے حصول میں آپ کی مدد کریں گے۔

میں نے بلاگنگ شروع کرنے کے خواہشمند حضرات کے لیے ایک تفصیلی تحریر لکھ رکھی، اگر آپ بلاگ شروع کرنا چاہتے ہیں تو اسے ضرور دیکھیے۔

بلاگنگ کی مکمل گائیڈ اردو زبان میں

4 ۔ اپنا چھوٹا کاروبار شروع کیجیے

اگر آپ بلاگنگ نئی کرتے تو آپ بے روزگاری کے ان دنوں میں اپنا کوئی چھوٹا موٹا کاروبار بھی شروع کر سکتے ہیں۔ یاد رکھیے اس کے لیے بالکل بھی ڈھیروں ڈھیر سرمائے کی ضرورت نہیں ہے۔ چھوٹا کاروبار آف لائن اور آن لائن بہت کم پیسوں سے شروع ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں آج کل کئی لوگ ہیں جو بے روزگار افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے میں رہنمائی کرتے ہیں۔ درج ذیل ویب سائیٹس، یوٹیوب چینلز اور فیس بک گروپ اس سلسلے میں آپ کے مددگار ہوں گے۔

اگر آپ آن لائن کام شروع کرنا چاہتے ہیں تو اسی بلاگ پر لکھی گئی یہ تحریر ضرور دیکھیے۔

5 ۔ نئی زبان سیکھیے

اگر آپ کو انگلش نہیں آتی تو میرا مشورہ ہے کہ ملازمت کی تلاش کے ساتھ ساتھ فوراً سے آپ انگلش سیکھنا شروع کر دیں۔ آپ چاہیں تو اس کے لیے کوئی اچھا اور مستند انسٹیٹوٹ جوائن کر سکتے ہیں لیکن اگر آپ کے گردونواح میں ایسا کوئی ادارہ نہیں ہے تو کسی عام ادارے میں فیس لٹانے کی بجائے آن لائن انگلش سیکھنا شروع کر دیجیے۔ اگر آپ کو اس کے لیے انگلش ٹیچر چاہیے تو  iTalki نامی ویب سائیٹ اس مقصد کے لیے بہترین اور یہاں آپ کو  5 ڈالر فی گھنٹہ میں انگلش کے اچھے استاد مل جائیں گے۔ اگر آپ کے پاس اس وقت پیسے نہیں ہیں تو یوٹیوب پر بے شمار ایسا مواد موجود ہے جو انگلش سیکھنے میں آپ کا مددگار ہو گا۔ درج ذیل چینل خاص طور پر بہت اچھا مواد رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :   5 سیکنڈز از Mel Robbins [کتاب خلاصہ]

اس کے علاوہ درج ذیل ویب سائیٹس اور ایپس بھی آپ کی انگلش کے سفر میں معاون بنیں گی۔

کوشش کیجیے کہ آپ اپنا ایک لینگوئج پارٹنر ضرور ڈھونڈیے جس کے ساتھ آپ جو سیکھیں وہ بول سکیں۔ iTalki اس سلسے میں بھی آپ کو مدد فراہم کرے گی۔

اگر آپ انگلش پر پہلے ہی عبور رکھتے ہیں یا کسی اور وجہ سے اس زبان کو نہیں سیکھنا چاہتے تو ان دنوں کو کام میں لا کر اور بے شمار زبانیں ہیں جو سیکھی جا سکتی ہیں۔

6 ۔ اپنی عادات پر کام کیجیے

کامیابی میں عادات کا کردار کتنا اہم ہے یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ کامیاب لوگوں کی کامیابی کے پیچھے ان کی عادات کا ہاتھ ہوتا ہے اسی طرح سے ناکام لوگ اپنی عادتوں کی وجہ سے ناکام ٹھہرتے ہیں۔ ہم میں سے ہر کوئی اپنے اندر بے شمار منفی عادات رکھتا ہے، فرصت کے ان دنوں کو کام میں لائیے اور ان عادات کو اپنے اندر سے نکال باہر کیجیے۔ اسی طرح سے ان دنوں میں آپ اپنی مثبت عادات پر کام کیجیے جو آپ مدتوں سے اپنے اندر شامل کرنا چاہتے ہیں۔ کچھ عادتیں جن پر آپ کو کام کرنا چاہیے ان میں روزانہ ورزش، مطالعہ، وقت کی پابندی، وعدے کی پابندی، روز کچھ نیا سیکھنا، صحت مند او مفید خوراک کھانا ، شکرگزاری کی عادت اور دیگر بے شمار عادات شامل ہیں۔

عادات کے سلسلے میں ایک ذاتی تجربے کی بات یہاں میں بتاتا چلوں کہ آپ ایک وقت میں صرف ایک عادت پر کام کیجیے، تبھی آپ اس کو اپنی مستقل عادت بنا پانے میں کامیاب ہوں گے ۔

7 ۔ سادہ طرزِ زندگی اپنائیے

بےروزگاری کے دنوں میں اپنائی گئی وہ عادت جس پر مجھے حقیقتاً فخر ہے وہ سادگی ہے۔ آپ سے میری درخواست ہے کہ ان دنوں میں سادگی پر ضرور کام کیجیے۔ اپنی زندگی سے غیر ضروری چیزیں، کام، وعدے نکال باہر کیجیے۔ کم کے ساتھ جینا سیکھیے، قناعت کی زندگی سکون بھری زندگی ہے اس کے متعلق سوچیے اور اپنی زندگی کے ہر پہلو کو سادہ کیجیے، قسم سے مزہ نہ آئے تو کہنا۔

8 ۔ غیر ضروری سامان سے نجات پائیے

یہ تجویز اوپر بیان کی گئی تجویز یعنی سادگی سے ہی متعلق ہے، جب آپ اپنے طرزِ زندگی کو سادہ کرنے نکلیں تو اپنا تمام غیر ضروری سامان عطیہ کردیں یا پھر بیچ دیں۔ بیچنے کی صورت میں آپ ایک معقول رقم کے مالک بن سکتے ہیں جو ان دنوں میں آپ کی معاشی معاون ثابت ہو گی۔

9 ۔ نئے مشغلے اختیار کریں

آپ ہمیشہ سے اپنی زندگی میں کچھ کرنا چاہتے ہوں گے،مثلاً مطالعہ، میوزک سیکھنا، سفر کرنا۔ یہی وقت ہے ان کاموں پر کام کرنے کا، فرصت کے ان دنوں میں ملازمت کی تلاش کے ساتھ اپنی زندگی میں نئے مشغلے بھی شامل کریں۔ یہ آپ کی اپنی تلاش میں مدگار ثابت ہوں گے۔ یاد رکھیے ان میں سے کوئی بھی ایسی چیز نہیں جس کے لیے آپ کو بہت زیادہ پیسوں کی ضرورت ہو۔ مطالعہ کرنا چاہتے ہیں ؟ اپنے آس پاس لائبریریز یا افراد ڈھونڈیے جن کے پاس کتب ہوں، ان سے کتب مستعار لیجیے اور کتابوں کو چاٹ جائیے۔ میوزک یا دیگر اسی قسم کے آرٹ ٹولز کے محتاج نہیں، اگر آپ میں قابلیت ہے تو آپ بغیر ٹولز کے بھی بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ ذرا اس انڈین لڑکی کا یہ گانا ملاحظہ کیجیے اور ہاں یہ پاکستانی لڑکے بھی دیکھیے۔

رہی بات سفر کی تو اس کے لیے گاڑی کی بالکل بھی ضرورت نہیں، اپنے پرانے بائک کی مرمت کیجیے اور چل نکلیے اور اگر بائک بھی نہیں تو لوکل گاڑیاں تو ہیں نا۔ اور ہاں ایک اور بات سفر اور سیروسیاحت صرف شمالی علاقاجات کو دیکھنے کا نام نہیں، آپ کے اپنے شہر اور آس پاس کے گاؤں دیہاتوں میں بے شمار خوبصورت جگہیں آپ کا انتظار کر رہی ہیں۔

10 ۔ خوش رہنے کا فن سیکھیے

اگر ان دنوں میں جو کہ کوئی شک کی بات نہیں کافی مشکل دن ہیں، آپ نے خوش رہنے کا فن سیکھ لیا تو یقین مانیے زندگی میں بڑے بڑے دکھ بھی آپ کو غمگین نہیں بنا سکیں گے۔ خوش رہنا کوئی مشکل کام نہیں، بس جومل گیا اس کے لیے شکر کیجیے اور جو نہیں مل سکا اس کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیے پر صبر کا دامن بھی ہاتھ سے نہ جانے دیجیے۔ کم کے ساتھ جینا سیکھیے، قناعت بہت بڑی دولت ہے۔

کیا آپ سادہ، آسان اور پُرسکوں زندگی کے خواہاں ہیں؟
اپنا ای میل ایڈریس درج کیجیے اور میرا ہفتہ وار ای میل نیوز لیٹر جوائن کیجیے

احباب کے ساتھ شیئر کیجیے

Share on facebook
فیس بک
Share on twitter
ٹوئٹر
Share on google
گوگل پلس
Share on email
ای میل
فیس بک
ٹوئٹر
گوگل پلس
ای میل

اپنی رائے کا اظہار کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

error: !!معذرت، کاپی کی اجازت نہیں