ڈیزائنر آن لائن پیسے کیسے کما سکتے ہیں؟

میرے حلقہ احباب میں موجود اکثر حضرات اس بات سے آگاہ ہیں کہ میں ایک ڈیزائنر ہوں اور آن لائن کام کرتے ہوئے دال روٹی کماتا ہوں۔ دوستوں کی جانب سے اکثر یہ سوال آتا رہتا ہے کہ اگر ہم گرافکس یا ویب ڈیزائننگ سیکھ لیں تو آن لائن کیسے پیسے کما سکتے ہیں؟ سو اگر آپ گرافک یا ویب ڈیزائنر ہیں یا پھر گرافک یا ویب ڈیزائنر بننا اور آن لائن کام کر کے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو آج کی تحریر آپ ہی کے لیے ہے، آج میں کچھ ایسے ذرائع اور ویب سائیٹس کا ذکر کروں گا جن کے ذریعے ڈیزائنر اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے پیسے کما سکتے ہیں۔ ایک بات جو میں پہلے بھی کئی دفعہ عرض کر چکا ہوں کہ آن لائن کمانا آف لائن کمانے سے کہے زیادہ مشکل ہے، لیکن یہ ناممکن ہر گز نہیں ہے۔ہر شخص جس کے پاس کوئی سکل ہے اور وہ بیچنے کا ہنر جانتا ہے وہ آن لائن کام کرتے ہوئے پیسے کما سکتا ہے۔ آن لائن ورلڈ میں کامیابی کے لیے آپ اپنی صلاحیتوں پر کام کے ساتھ ساتھ مارکیٹنگ یا بیچنے کا ہنر بھی ضرور سیکھیے۔

اب میں آپ کو 4 وہ طریقے بتاتا ہوں جن کے ذریعے ڈیزائنر آن لائن پیسے کما سکتے ہیں۔آپ ان چاروں میں سے کوئی ایک طریقہ پکڑ کر اس پر دن رات کام کیجیے اور اپنے لیے باعزت روزگار کمائیے۔

1 ۔ فری لانسنگ

فری لانسنگ ایک طرح سے نوکری ہی ہے بس اس میں آپ کو ماہانہ کی بجائے پراجیکٹس کی بنیاد پر پیسے ملتے ہیں۔ اگر آپ اپنے کام میں ماہر ہیں تو آج ہی مختلف فری لانسنگ سائیٹس جیسے کہ اپ ورک، فائیور ، فری لانسر اور دیگر ان جیسی معتبر سائیٹس پر اپنے اکاؤنٹس بنائیے، ان کو ہر لحاظ سے مکمل کیجیے اور وہاں موجود پراجیکٹس پر اپلائی کرنا شروع کر دیجیے۔ ساتھ ہی ساتھ مارکیٹینگ سیکھیے اور گوگل استاد کی مدد سے یہ بھی کہ ان سائیٹس پر پہلا پراجیکٹ کیسے لیا جائے؟ ایک دفعہ کام مل جائے تو کلائنٹ کو اس کی توقع سے بڑھ کر کام کر کے دیں اور اس سے ریفرل کے ذریعے کام لینے کی کوشش کریں۔ ساتھ ہی ساتھ اپنی ویب سائیٹ ورڈپریس کی مدد سے بنائیے اور اپنا پورٹفولیو خوب سے خوب تر بنائیے۔

اگر ان ویب سائیٹس کی مدد سے کام نہ مل رہا ہوتو سوشل میڈیا سائیٹس، فیس بک گروپس اور لنکڈ ان ضرور دیکھیے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کو ایک پلیٹ فارم سے کامیابی نہ ملے لیکن ہمت نہ ہاریے اور کوشش جاری رکھیں۔ جس پلیٹ فارم سے کامیابی ملے اس پر فوکس کیجیے۔ ایک دفعہ ابتدائی کامیابی مل جائے تو کوشش کریں کہ ریفرل کے ذریعے زیادہ سے زیادہ کام لیں اور ساتھ ہی ساتھ اپنے پرانے کلائینٹس کو اپنے سے جوڑ کر رکھیے۔ نیا کلائنٹ ڈھونڈنے کی نسبت پرانے کلائنٹ سے نیا کام لینا کہیں آسان ہے۔

2 ۔ ڈیزائن مقابلے

ڈیزائنر کے لیے آن لائن پیسے کمانے کا ایک اور بہترین ذریعہ Online Design Contest ہیں۔ اگر آپ لوگو یا پھر ویب سائیٹس ڈیزائن کر سکتے ہیں اور Reject کیے جانے سے نہیں گھبراتے تو آن لائن ڈیزائن مقابلے آپ ہی کے لیے ہیں۔ آن لائن موجود مختلف ویب سائیٹس پر بہت سی کمپنیاں اور افراد ایک ڈیزائن مقابلے کا اعلان کرتی ہیں کہ ہمیں اس طرح کا لوگو یا ویب سائیٹ چاہیے۔ پھر مختلف ڈیزائنر اس اشتہار میں دی گئی ہدایات کے مطابق ڈیزائن بناتے ہیں، عموماً ڈیزائنر ایک دوسرے کا ڈیزائن نہیں دیکھ سکتے، اس کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ کوئی شخص دوسرے کے ڈیزائن کو کاپی نہ کرے۔ جب سارے ڈیزائنر تمام ڈیزائن Submit کر دیتے ہیں تو جس شخص نے وہ مقابلہ شروع کیا ہوتا ہے، ایک ڈیزائن کو ونر قرار دیتا ہے اور تمام رقم اس ڈیزائنر کو دے دی جاتی ہے۔ اس طرح کے مقابلوں کے لیے مشہور ویب سائیٹس میں  99design, designcontest, 48hourslogo, logomyway شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :   سکول بچوں کو یہ نہیں سکھاتا

اگر آپ ایک نئے ڈیزائنر ہیں تو یہ ڈیزائن مقابلے آپ کے لیے دو طرح سے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایک تو آپ ان مقابلوں میں حصہ لے کر اپنا Portfolio بنا سکتے ہیں، ساتھ ہی ساتھ آپ اپنے شعبے کے بہترین لوگوں کے ساتھ جب اپنے کام کا مقابلہ اور موازنہ کرتے ہیں تو آپ کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

3 ۔ ڈیجیٹل پروڈکٹس

ڈیزائنر کے لیے آن لائن ارننگ کا ایک اور بہترین طریقہ ڈیجیٹل پروڈکٹس کی تیاری اور فروخت ہے۔ آپ مختلف Template, Mockups, Actions اور دیگر اس طرح کی دیجیٹل پروڈکٹس بنا کر انہیں اپنی ویب سائیٹ یا پھر آن لائن مارکیٹ پلیس ویب سائیٹس جیسا کہ GraphicRiver اور creativemarket کے ذریعے بیچ سکتے ہیں۔

اگر آپ اس طریقے سے پیسے کمانا چاہتے ہیں اور اس کام کے لیے انسپائریشن لینا چاہتے ہیں تو آپ ویب سائیٹ  CoverActionPro اور CoverActionsPremium ضرور دیکھیے، ان دونوں ویب سائیٹ پر مختلف 3D PSD Templates / Mockup ایک پیکج کی صورت میں بیچے جا رہے ہیں۔ ان دونوں ویب سائیٹس کے علاوہ DiyBookCovers, SketchAppSource, Ui8, Inkd  ایسے ہی کام کر کے پیسے کما رہی ہیں۔ آپ بھی اپنی مہارتوں اور مارکیٹ کی ضرورت کو مدظر رکھتے ہوئے ڈیجیٹل پراڈکٹس بنائیں، شروع میں آن لائن مارکیٹ پلیس پر ان کو بیچیے۔ ایک دفعہ کام چل جائے تو وڈپریس، SiteGround اور Easy Digital Download کی مدد سے آن لائن سٹور بنا کر اس ذریعے تمام پراڈکٹس بیچنا شروع کیجیے۔

4 ۔ ای بک اور کورسز

ڈیزائنر کے لیے آن لائن ارننگ کا ایک اور بہترین ذریعہ آن لائن کورسز اور ای کتابوں کی فروخت ہے۔ آن لائن ایجوکیشن کا رحجان روز بروز بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ اگر آپ ڈیزائننگ کے کسی ایک پہلو میں مہارت رکھتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ آپ کو اسے دوسروں کو سکھانے کا شوق بھی ہے تو یہ آپ کے لیے کمائی کا ایک بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔ کورس بنانے کے بعد آپ اسے آن لائن کورسز کی ویب سائیٹس جیسا کہ یوڈیمی، سکل شیئر پر بیچ سکتے ہیں اور اگر چاہیں تو اپنی ورڈپریس ویب سائیٹ یا پھر Teachable کے ذریعے بھی ان کورسز کو بیچا جا سکتا ہے۔

کیا آپ سادہ، آسان اور پُرسکوں زندگی کے خواہاں ہیں؟
اپنا ای میل ایڈریس درج کیجیے اور میرا ہفتہ وار ای میل نیوز لیٹر جوائن کیجیے

احباب کے ساتھ شیئر کیجیے

Share on facebook
فیس بک
Share on twitter
ٹوئٹر
Share on email
ای میل
فیس بک
ٹوئٹر
ای میل

2 thoughts on “ڈیزائنر آن لائن پیسے کیسے کما سکتے ہیں؟”

اپنی رائے کا اظہار کریں