مبتدی حضرات کے لیے لینکس کی پانچ بہترین ڈسٹروز

میں جب ونڈو سے لینکس پر منتقل ہوا تو کوشش کی کہ اپنے حلقہ احباب میں موجود افراد کو بھی چوری کی ونڈو سے ہٹا کر مفت، اوپن سورس اور محفوظ آپریٹنگ سسٹم لینکس پر لے کے آؤں۔ اس مقصد کے لیے کئی احباب کو خود لینکس انسٹال کر کے دی اور بہت سوں کی اس سلسلے میں ذہن سازی کی۔ بہت سے دوستوں کی طرف سے ایک سوال یہ آیا کہ لینکس پر بے شمار ڈسٹروز موجود ہیں اور سمجھ ہی نہیں آتی کہ کونسی ڈسٹرو ہمارے لیے بہترین ہے۔ سو میں نے سوچا کہ کیوں نا آپ لوگوں کو لینکس کی پانچ ایسی ڈسٹروز سے متعارف کراؤں جو کہ مبتدی حضرات کے لیے آسان بھی ہیں اور محفوظ بھی۔

یاد رہے لینکس پر چونکہ انتخاب کی آزادی ہے اس لیے اتنی زیادہ ڈسٹروز ہیں تا کہ آپ اپنے ذوق اور ضرورت کے مطابق کوئی سی بھی ڈسٹرو انسٹال کر سکیں۔ درج ذیل پانچ ڈسٹروز میرے خیال میں نئے حضرات کے لیے بہترین ہیں۔ یہ پانچوں ڈسٹروز اوبنٹو بیسڈ ہیں اور پانچوں ایک سے بڑھ کر ایک ہیں۔ اگر ان کی انسٹالیشن یا استعمال کے دوران آپ کو کوئی مسئلہ درپیش ہو اور حل ڈھونڈنے پر نہ ملے تو اوبنٹو کے لیے اس کا حل ڈھونڈ لیں وہ  آپ کا مسئلہ حل کر دے گا۔

1 ۔ لینکس منٹ

لینکس کی ڈسٹروز پر نظر رکھنے والی ویب سائیٹ ڈسٹرو واچ کے مطابق لینکس منٹ نمبر 1 ڈسٹرو ہے۔ میں جب بھی کسی نئے بندے کو لینکس انسٹال کر کے دیتا ہوں تو یہی انسٹال کرتا ہوں۔ جب میں خود لینکس پر منتقل ہوا تو میری پہلی ڈسٹرو بھی لینکس منٹ تھی۔ یہ آسان، دکھنے میں خوبصورت، برق رفتار اور کام کرنے میں بہترین  ہے۔ پرانے اور نئے دونوں طرح کے سسٹمز کے لیے لینکس منٹ ایک بہترین انتخاب ہے۔  لینکس منٹ کا اپنا ڈیسک ٹاپ انوائرمنٹ ہے جس کو cinamon کہتے ہیں اور یہی ڈیسکٹاپ انوائرمنٹ سب سے زیادہ استعمال بھی ہوتا ہے تاہم یہ چند دیگر ذائقوں میں بھی دستیاب ہے ۔ یہ ونڈو 7 کی طرح دکھتی اور کام کرتی ہے۔ اس کا اپنا سافٹ ویئر سنٹر ہے جو کہ اوبنٹو کی سافٹ ویئر repository پر بیس کرتا ہے، اس سافٹ ویئر سنٹر کی مدد سے آپ کوئی بھی سافٹ ویئر باآسانی ایک کلک سے انسٹال کر سکتے ہیں۔

ڈاؤنلوڈ لینکس منٹ

2 ۔ اوبنٹو ماٹے

مشہورِ زمانہ اوبنٹو لینکس کا ماٹے (Mate) فلیور، ماٹے ڈیسکٹاپ کے ساتھ آتا ہے۔ ماٹے ڈیسکٹاپ نوم 2 (2 Gnome) کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ یہ اس وقت میرا پسندیدہ اور پرائمری آپریٹنگ سسٹم ہے۔  برق رفتاری، پائداری، خوبصورتی اس کی چند اہم خصوصیات ہیں۔ کیوں کہ یہ اوبنٹو کا ایک آفیشل فلیور ہے تو اوبنٹو کی تمام خوبیاں اس کے اندر موجود ہیں۔  اوبنٹو ایک بہت بڑی کمیونٹی رکھتا ہے اس لیے اس پر اگر آپ کو کوئی مسئلہ درپیش آجائے تو اس کا حل فوراً مل جاتا ہے۔ سافٹ ویئر سنٹر کے اندر بے شمار سافٹ ویئر موجود ہیں اور دیگر بے شمار سائیٹس پر بھی اس کے لیے سافٹ ویئر دستیاب ہوتے ہیں۔ نئے اور پرانے تمام طرز کے کمپیوٹر کے لیے بہترین آپریٹنگ سسٹم ہے۔

ڈاؤنلوڈ اوبنٹو ماٹے

3 ۔ ایلیمنٹری او ایس

اگر کوئی بندہ ونڈو سے لینکس پر منتقل ہو تو میں اس کو لینکس منٹ انسٹال کرنے کو کہتا ہوں لیکن اگر کوئی شخص میک کمپیوٹر سے لینکس کی طرف آئے تو اس کو ایلیمنٹری او ایس انسٹال کرنا چاہیے۔ اوبنٹو بیسڈ یہ ڈسٹرو دکھنے میں بالکل میک او ایس کی طرح ہے۔ اس کو لینکس کی سب سے خوبصورت ڈسٹرو کہا جاتا ہے۔ کیوں کی یہ اوبنٹو پر مبنی ہے اس لیے اس کی پائداری میں تو کسی شک و شبے کی گنجائش نہیں۔ یہ خوبصورت اور تیز رفتار ہے۔ جب آپ اس کو انسٹال کرتے ہیں تو اس کے اندرصرف کام کے سافٹ ویئر موجود ہوتے ہیں، اس طرح یوزر کے سامنے بہت سے آپشن نہیں رکھے جاتے کہ وہ ان کو دیکھ کر گھبرا جائے۔ تاہم اس کے اندر ایپ سنٹر موجود ہے جہاں سے آپ بے شمار سافٹ ویئر انسٹال کر سکتے ہیں۔ یہ Pantheon ڈیسکٹاپ کے ساتھ آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :   1000 روپے ماہانہ والا انٹرنیشنل آن لائن سکول

ڈاؤنلوڈ ایلیمنٹری او ایس

4 ۔ لینکس لائٹ

اگر آپ کے پاس کوئی پرانا کمپیوٹر ہے جس پر ونڈو 7 اور 10 انسٹال نہیں ہو رہی تو یقین مانیے لینکس لائٹ اس کمپیوٹر کے لیےبہترین آپریٹنگ سسٹم ہے۔ لینکس لائٹ اوبنٹو کے لانگ ٹرم سپورٹ ورژن پر Base کرتا ہے اور Xfce ڈیسکٹاپ انوائرمنٹ کے ساتھ آتا ہے۔ برق رفتار کے ساتھ یہ اپنے اندر ایک اور اضافی خوبی یہ رکھتا ہے کہ اس میں تمام ضروری سافٹ ویئر، ڈرائیور اور میڈیا کوڈک موجود ہوتے ہیں اس لیے نئے بندے کو اس میں کچھ اضافی انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ VLC ، فائرفاکس، لبرے آفس وغیرہ اس کے اندر شروع دن سے موجود ہوتے ہیں۔

ڈاؤنلوڈ لینکس لائٹ

4 ۔ زورن او ایس

زورن او ایس کی بنیاد بھی اوبنٹو پر رکھی گئی اور یہ لینکس ڈسٹرو User Friendly اور ونڈوز کا متبادل سمجھی جاتی ہے۔ نوم 3 کی مدد سے زورن والوں نے زورن ڈیسکٹاپ کے نام سے اپنا ڈیسکٹاپ انوائرمنٹ بنا رکھا ہے۔ یہ خوبصورت ڈسٹرو دکھنے میں کافی حد تک ونڈو 10 سے مشابہت رکھتی ہے اور اپنے اندر اوبنٹو کی تمام خصوصیات سموئے ہوئے ہے۔

ڈاؤنلوڈ زورن او ایس

تو جناب اب آپ بتائیے، آپ کونسی لینکس ڈسٹرو استعمال کر رہے ہیں یا پھر یہ کہ کونسی ڈسٹرو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اگر آپ نے ابھی تک لینکس انسٹال نہیں کی تو دیر نہ کیجیے اوپر دی گئی کسی بھی ڈسٹرو کا انتخاب کیجیے (اگر میری ماننی ہے تو لینکس منٹ کر لیں)، اس ڈسٹرو کو ڈاؤنلوڈ کیجیے، یوایس بی میں برن کیجیے اور اپنے سسٹم میں انسٹال کر لیجیے۔ لینکس منٹ کی انسٹالیشن کا مکمل طریقہ آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں، اس لسٹ میں موجود دیگر ڈسٹروز بھی تقریباً اسی طریقے سے انسٹال ہوتی ہیں۔

لینکس کی انسٹالیشن کے بعد آپ کو کونسے کام کرنے چاہئیں اس کے لیے میرا تحریر کردہ مضمون لینکس منٹ یا اوبنٹو کی انسٹالیشن کے بعد ضروری کرنے والے کام ضرور ملاحظہ کیجیے اور اگر آپ لینکس منٹ کو کسٹمائز کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے مضمون لینکس منٹ کی مکمل کسٹمائزیشن ۔ اردو زبان میں ملاحظہ کیجیے۔

کیا آپ سادہ، آسان اور پُرسکوں زندگی کے خواہاں ہیں؟
اپنا ای میل ایڈریس درج کیجیے اور میرا ہفتہ وار ای میل نیوز لیٹر جوائن کیجیے

احباب کے ساتھ شیئر کیجیے

Share on facebook
فیس بک
Share on twitter
ٹوئٹر
Share on email
ای میل
فیس بک
ٹوئٹر
ای میل

اپنی رائے کا اظہار کریں