2018 ء کو زندگی کا بہترین سال بنائیں

سال اختتام کے قریب ہے، ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بہت سے افراد اپنے لیے نئے اہداف اور ریزولوشن لکھیں گے، دو چار دن ان پر بڑے زور و شور سے کام ہو گا اور پھر وہی چل سو چل، یہاں تک کہ 31 دسمبر 2018ء آ جائے گا۔ میں نے بیتے برسوں میں مختلف افراد اور تجربات سے جو کچھ سیکھا وہ اس مضمون میں آپ کے سامنے پیش ہے، اگر آپ دی گئی تجاویز پر عمل کرتے ہیں تو میں یقین کے ساتھ کہ سکتا ہوں کہ 2018ء آپ کے زندگی کے بہترین سالوں میں سے ایک ہو گا۔

1 ۔ ایک بڑے ہدف پر کام کریں

سیلف ہیلپ کے ماہرین عموماً تجویز کرتے ہیں کہ آپ ایک وقت میں مختلف گولز لکھیں اور پھر ان کی تکمیل کے لیے دن رات محنت کریں۔ ہو سکتا ہے کہ بہت سارے گولز (اہداف) پر ایک وقت میں کام سے لوگ کامیاب ہوتے ہوں لیکن میرا تجربہ اس کے برعکس ہے، میں یہ مانتا ہوں کہ اگر آپ ایک وقت میں ایک بڑے گول پر کام کریں تو زیادہ کامیاب ہو سکتے ہیں۔ آپ ایک ایسا گول تلاش کریں جو آپ کو زندگی کے مختلف شعبوں کو بہتر بنانے میں مدد دے اور پھر اس پر 365 دن تک کام کریں، بے شک آپ اس کے20 سے 25 منٹ ہی کیوں نہ دیں، لیکن باقاعدگی سے اس گول پر کام کریں تو سال 2018ء کے اختتام پر آپ خود پر اور اپنے ہدف کی تکمیل پر فخر محسوس کریں گے۔

اس گول پر روزانہ کا ریکارڈ رکھنے کے لیے میں نے ایک سادہ سی شیٹ تیار کی ہے جو کہ آپ یہاں سے ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہی، ڈاؤنلوڈ کرنے کے بعد اس  کا Legal سائز کے صفحے پر پرنٹ لے لیجیے اور پھر روزانہ جب آپ کام سرانجام دے لیں تو ایک خانے میں کراس لگا دیں۔ اس میں 12 مہینوں کے 365 دنوں کے لیے خانے دیے گئے ہیں، کوشش کریں کہ کوئی دن خالی نہ جائے، اگر کسی دن کسی وجہ سے آپ نے جو وقت مختص کیا ہے وہ نہ دے سکیں تو بھی مقررہ وقت پر کچھ نہ کچھ ٹائم اپنے گول کو ضرور دیں، بھلے وہ وقت چند منٹ ہی کیوں نہ ہو۔

میرا 2018ء کا گول 365 دنوں میں 365 انگلش کتب کی مختصرتلخیص یا  سمری اردو زبان میں اس بلاگ پر شائع کرنی ہے، اس کے لیے ظاہر ہے مجھے خود بہت سا مطالعہ کرنا ہو گا اور یقیناً یہ میری زندگی کے مختلف شعبوں میں بہتری لائے گی۔

2 ۔ خوشی کو لمحہ موجود میں تلاش کریں

ہم میں سے بہت لوگ خوشی کے گولز کی تکمیل یا مادی چیزوں کے حصول کے ساتھ منسلک کر دیتے ہیں، یہ بہت غلط روش ہے۔ 2018ء میں خوشی کو لمحہ موجود میں ڈھونڈیں، یہ آپ کے آس پاس ہی ہے، اگر 2018ء کا آپ کا گول وزن کم کرنا ہے تو خود کو یہ مت کہیں کہ جب وزن کم ہو جائے گا تب میں خوش ہو جاؤں گا۔ خوشی گول کی تکمیل پر نہیں بلکہ اس سفر کے دوران ہی ملے گی، دیکھیں تو سہی اس پر سوچیں تو سہی۔

یہ بھی پڑھیں :   خوش رہنے کا فن

3 ۔ سادگی اختیار کریں

2017ء میں اپنی جس کامیابی پر مجھے سب سے زیادہ فخر ہے وہ ہے سادگی، زندگی کے بہت سے شعبے جن کو میں نے بہت زیادہ پیچیدہ بنا رکھا تھا ان کے اندر میں سادگی لے کر آیا اور یقین مانیں یہ بہت پرسکون عمل ہے۔ آپ بھی اس سال یہ کر کے دیکھیں، اپنے زندگی میں شامل خواہ مخواہ کے کاٹھ کباڑ اور پیچیدگی سے پیچھا چھڑائیں، اپنی زندگی کو سادہ ، آہستہ اور آسان بنائیں۔

اگر آپ کو اینڈرائیڈ فون کی ضرورت نہیں تو سادہ فون پر آ جائیں، ٹی وی اگر صرف وقت کا ضیاع ہے تو اس سے چھٹکارا پائیں۔ خوراک، گھر، گاڑی، سفر، ڈیجیٹل زندگی غرض ہر شعبہ زندگی میں سے غیر ضروری چیزوں کو نکال باہر کریں تا کہ ضروری کے لیے جگہ بن سکے۔

4 ۔ مثبت عادات پر کام کریں

اس سال دسمبر کے مہینے میں، میں نے اس بلاگ پر 30 دنوں کے اندر 30 تحریریں شائع کی ہیں، یہ بالکل بھی Perfect نہیں ہیں، کسی روز میں نے زیادہ لکھا ہے اور کسی روز کم، لیکن روز لکھا ہے۔ 30 دنوں کے بعد میرے لیے لکھنا بہت زیادہ مشکل کام نہیں رہا عادات ایسے ہی بنتی ہیں۔ آپ بھی کوشش کریں کہ ہر ماہ اپنی کسی ایک عادت پر کام کریں، بری عادات سے چھٹکارا پائیں اور اچھی عادات کو زندگی میں شامل کریں۔

عادات کے سلسے میں بس ایک بات یاد رکھیں، ایک وقت میں بس ایک عادت پر کام کریں تبھی آپ کامیاب ہو پائیں گے۔

5 ۔ اپنے پیاروں کے ساتھ وقت بتائیں

زندگی کی بھاگم بھاگ میں ہم اپنوں کو وقت دینا بھول ہی جاتے ہیں، ہمارے بچے، ماں باپ، بہن بھائی ہماری شکلوں کو ترس جاتے ہیں۔ زندگی کی یہ ڈور کسی بھی وقت ٹوٹ سکتی ہے سو اس 2018ء میں اپنی مصروف زندگی کو کم مصروف بنائیں اور اپنے پیاروں کے لیے وقت نکالیں۔

کیا آپ سادہ، آسان اور پُرسکوں زندگی کے خواہاں ہیں؟
اپنا ای میل ایڈریس درج کیجیے اور میرا ہفتہ وار ای میل نیوز لیٹر جوائن کیجیے

احباب کے ساتھ شیئر کیجیے

Share on facebook
فیس بک
Share on twitter
ٹوئٹر
Share on email
ای میل
فیس بک
ٹوئٹر
ای میل

اپنی رائے کا اظہار کریں